ملتان (صفدربخاری سے)  ملتان یونین آف جرنلسٹس ( ایم یو جے ) نے ہتک عزت بل 2024 کو صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترداف قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کردیا ہے ۔ ایم یو جے کے صدر رؤف مان ، جنرل سیکرٹری جاوید اقبال عنبر ، نائب صدور طارق انصاری ، مجاہد سلطان ،فنانس سیکرٹری رانا عرفان السلام ، جوائنٹ سیکرٹری شاہد سعید مرزا، ممبران ایف ای سی پی ایف یو جے خالد محمود کھاکھی ، شفقت بھٹہ اور اراکین مجلس عاملہ محمود احمد چودھری ، صفدر بخاری ، محمد مظہر چودھری ، شہزاد خان درانی ، وسیم خان بابر ، تنویر گیلانی ، طاہر لطیف ، رانا عبدالروف ، زینب گردیزی اور نیاز گل نے قائمقام گورنر پنجاب ملک احمد خان کی طرف سے ہتک عزت بل پر دستخط کرنے اور اسے قانون کا درجہ دینے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسلم لیگ ن کی من مانی اور ہٹ دھرمی قرار دیا ہے۔ ایم یو جے کے صدر رؤف مان نے کہا ہے کہ بل کا مقصد آزادی صحافت کا گلا گھونٹنے کے مترداف ہے اس بل کے ذریعے صحافیوں کی زبان بندی، سچ کو دبانا اور حقائق کو منظرنامے پر نہ لانے کا ریاستی منصوبہ بالکل کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ جنرل سیکرٹری جاوید اقبال عنبر نے کہا ہے کہ ہتک عزت بل 2024 کو یکسر مسترد کرتے ہیں اس سلسلے میں صحافی برادری اپنا لائحہ عمل تیار کررہی ہے جس میں قانونی راستے سمیت ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ ایم یو جے نے مطالبہ کیا ہے کہ ہتک عزت بل کا کوئی جواز نہیں اس لیے اسے فوری واپس لیا جائے ۔