ڈیلاس:  ٹی 20 ورلڈ کپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے دی۔ ڈیلاس کے گرینڈ پریری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے جس کے جواب میں امریکا نے بھی 3 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنالیے جس کے بعد میچ سپر اوور پر چلا گیا۔ سپر اوور میں امریکا نے بغیر کسی نقصان کے 19 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستان کی ٹیم ایک وکٹ کے نقصان پر 13 رنز ہی بناسکی اور امریکا 5 رنز سے میچ جیت گیا۔ قبل ازیں امریکا کے کپتان مونک پٹیل نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پاکستان نے امریکا کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف دیا۔ پاکستان کی طرف سے بابراعظم 44، شاداب خان 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شاہین آفریدی 23 اور حارث رؤف 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ فخر زمان 11 ، افتخار احمد 18 اور عثمان خان 3 رنز بناسکے، اعظم خان کھاتا کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ امریکا کی طرف سے نوتھوش کینجیگے نے 3، سوربھ نیتراولکر نے 2، علی خان اور جسدیپ سنگھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ امریکا کی طرف سے موناک پٹیل نے 50، ایرون جونز 36، اینڈریز گاوز 35 ، نتیش کمار 14 اور اسٹیون ٹیلر نے 12 رنز بنائے۔ پاکستان کی طرف سے محمد عامر، حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔