ڈبلن: دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے آئر لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ۔ آئر لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 193رنز بنائےجس کے جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ تفصیل کے مطابق پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ آئر لینڈ کے بلے بازوں نے میچ کا آغاز دھواں دار انداز میں کیا اور پہلے تین اوورز میں کوئی وکٹ گنوائے بغیر شاہین ، محمد عامر اور نسیم شاہ کی اوورز میں باونڈریز سکور کیں ۔ پھر چوتھے اوور میں شاہین آفریدی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔آئرش اوپنرز بلبرائن 16اور پال اسٹرلنگ 11سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔ اس کے بعد لورکان ٹکر 51سکور اورہیری ٹیکٹر 32سکور بنا کر عباس آفریدی کی گیندوں پر آوٹ ہوئے۔کرٹس کیمفر 22رنز بنا کر محمد عامر کی گیند پر آوٹ ہوئے جبکہ جارج ڈوکرل 15سکور بنا کر نسیم شاہ کا نشانہ بنے ۔مارک اڈئیر 9سکور بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر آوٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی 3، عباس آفریدی 2جبکہ نسیم شاہ اور محمد عامر ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ اس سے قبل جمعہ کو کھیلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں آئرلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی تھی۔ پاکستان کی جانب سے بیٹنگ کا آغاز درست نہ تھا لیکن پھر رضوان اور فخر نے بڑی پارٹنرشپ لگا کر ٹیم کو میچ جیتوانے میں اہم کر دار ادا کیا۔پاکستان کی جانب سے پہلی وکٹ صائم ایوب کی گری جو صرف 6رنز بنا کر آوٹ ہو گئے ، ان کے بعد کپتان بابر اعظم بغیر کوئی سکور کیے آوٹ ہوئے۔محمد رضوان 75سکور بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ فخر ز مان 78 سکور بنا کر آوٹ ہوئے۔