لاہور: الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پراین اے 75 سے امیدوار دانیال عزیز کو نوٹس جاری کردیا۔الیکشن کمیشن نے  نارووال این اے 75 سے  امیدوار دانیال عزیزکو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کرتے ہوئے  کیس کی سماعت 10 فروری کو مقرر کردی۔ انتخابات میں فتح کی صورت میں دانیال عزیز کی کامیابی کا نوٹیفکیشن الیکشن کمیشن کے فیصلے سے مشروط ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نارووال کی رپورٹ کی روشنی میں کیا ہے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کی رپورٹ کے مطابق دانیال عزیز بار بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کررہے ہیں، وہ جاری کردہ نوٹس کا نہ تو جواب دیتے ہیں اور نہ حاضر ہوتے ہیں۔ ڈی ایم او کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ دانیال عزیز کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر50 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا جو انہوں نے ادا نہیں کیا۔