ملتان (صفدربخاری سے) سرائیکستان نوجوان تحریک نے این اے 148 میں ن لیگ کے خلاف اور سید یوسف رضا گیلانی کے حق میں سید والا بائی پاس پر مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے روڑ بلاک کر کے ن لیگ مردہ باد ،وسیب دشمن مردہ باد ،تخت لاہور مردہ باد ،ن لیگ کا جو یار ہے وہ وسیب کا غدار ہے کی فلک شگاف نعرے بازی کی۔مظاہرین نے وسیب کا محسن زندہ باد ،سید یوسف رضا گیلانی زندہ باد کی بھی بھر پور نعرے بازی کی۔مظاہرین نے پینا فلیکس اٹھا رکھے تھے جن پر ن لیگ کے خلاف اور سید یوسف رضا گیلانی کے حق میں نعرے درج تھے۔مظاہرے کی قیادت چیئرمین سرائیکستان نوجوان تحریک مہر مظہر عباس کات ،مرکزی راہنما مہر صفدر ملاح ،ظفر اقبال وینس،مہر ثمر عباس ہراج نے کی ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین مہر مظہر کات و دیگر راہنماؤں نے کہا کہ سید یوسف رضا گیلانی وہ واحد سیاستدان ہے جس نے پورے سرائیکی وسیب میں اتنے کام کروائے جو پچھلے ستر سالوں میں نہیں ہوسکے خاص کر ملتان کا تو نقشہ ہی بدل دیا ہے۔مہر مظہر کات نے کہا کہ این اے 148 کی عوام کو چاہیے کہ وہ باشعور ہونے کا ثبوت دیں اور اپنے وسیب کے محسن سید یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیں اور مدمقابل ن لیگ کے پٹھو کومسترد کرتے ہوئے عبرت ناک شکست دیں ۔مہر مظہر کات نے کہا کہ حق تو بنتا تھا کہ کوئی بھی وسیب کے محسن کے مقابلے میں کھڑا نہ ہوتا اب اگر منہ پر کالک لگا ہی لی ہے تو پھر این اے 148 کی عوام اپنے وسیب کے محسن سید یوسف رضا گیلانی کو بھاری اکثریت سے جتوا کر تخت لاہور کا منہ کالا کریں ۔مظاہرے میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی