اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا الیکشن کیلئے پلان سی سامنے آ گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے جنرل باڈی اجلاس میں ایک ہفتے کے دوران پارٹی الیکشن کرانے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد سمیت چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں ہونے والے پارٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں انٹراپارٹی انتخابات کیلئے رؤف حسن کو تحریک انصاف کا وفاقی چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا۔  پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر عمر ایوب کی جانب سے حسن رؤف کی مقرری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق رؤف حسن کی تقرری پارٹی کے جنرل باڈی اجلاس میں کی گئی ہے۔ جنرل باڈی اجلاس سے متعلق اپنے ایک بیان میں عمر ایوب کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشنز کے سلسلے میں وفاقی اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں  بلوائے گئے پی ٹی آئی کے جنرل باڈی  اجلاس کے دوران  اسلام آباد کے مرکزی دفتر اور کوئٹہ کے دفتر کو پولیس نے گھیرے میں لے لیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے ہماری پارٹی کے ارکان کو پارٹی دفتر کے احاطے تک رسائی سے روکا گیا، پولیس کی کارروائی سپریم کورٹ کے احکامات کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔ عمر ایوب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے راستے میں ہر رکاوٹ کھڑی کی جا رہی ہے تاکہ ہمیں سیاسی جماعت کے طور پر کام کرنے سے روکا جا سکے، ہم پولیس کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہیں اور عدلیہ سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔